بھٹکل :19؍ نومبر(ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے منڈلی گرام پنچایت میں سال 2022-2023کی پہلی گرام سبھا میں عوام نے منڈلی کے دیہی علاقے میں بغیر کسی خوف کے غیرقانونی دھندوں جیسے مٹکا، جوا، غیر قانونی شراب سپلائی اور فروخت کاری ، غیر قانونی جانور سپلائی ہونے پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
18نومبر 2022کی صبح 11بجے گرام پنچایت ہال میں گرام پنچایت کے صدر ناگپا نائک کی صدارت میں میٹنگ منعقد ہوئی ۔ گرام پنچایت ترقی جات افسر نے استقبال کیا۔ اس کے بعد مختلف محکمہ جات کے افسران نے اپنے محکمہ کی جانب سے عوام کے لئے دستیاب منصوبوں اور اسکیموں کی تفصیلات پیش کیں۔
محکمہ پولس کی نمائندگی کررہے مضافاتی پولس تھانے کے اے ایس آئی نوین راتھوڈ جب بات کررہے تھے تو منڈلی کے عوام نے مسائل کا انبار لگادیا۔ بزرگ لیڈر تمپانائک ، وشنونائک ، دھرمیندر نائک ، دیویندرنائک ، رام نائک وغیرہ نے علاقے میں غیر قانونی دھندے مٹکا، جوا، غیر قانونی شراب کی فروخت ، جانور کی سپلائی وغیرہ بے دریغ اور بے خوف جاری رہنے پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے سوال کیا کہ جب یہ سب کچھ یہاں ہورہاہے تو تمہارا محکمہ کیا کررہاہے۔ اسی دوران ایک دیہی شخص نے بھری میٹنگ میں کہاکہ تمہارے محکمہ کو فون کے ذریعے غیرقانونی دھندوں کی اطلاع دی جاتی ہے تو تمہارے محکمہ کے افسران اطلاع دینےوالےکا نام کو ظاہر کرنے کی شکایت کی۔ منڈلی میں چلنے والی غیر قانونی کارستانیوں کے متعلق متفقہ قرار داد منظورکرتےہوئے اعلیٰ افسران تک پہنچانے کا فیصلہ لیاگیا ۔
اس کے بعد محکمہ ایکسائز کے افسر سے عوام نے پوچھا کہ منڈلی میں کتنے منظورشدہ وائن شاپ ہیں۔ افسر نے صحیح جانکاری نہ ہونےکی بات کہتے ہوئے نامکمل جواب دیا۔ منڈلی کے گلی گلی میں غیر قانونی شراب کی فروخت کاری بے تحاشہ جاری رہنےکی شکایت کی۔ مجموعی طورپر دیہی عوام نے غیر قانونی دھندوں پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتےہوئے اس پر قدغن لگانےکی مانگ کی۔ میٹنگ میں مختلف محکمہ جات کے افسران اور عوام موجود تھے۔